وزیرِاعظم سے علما کے وفد کی ملاقات، مدارس کے نصاب کیلئے کمیٹی قائم

Last Updated On 03 October,2018 10:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان سے علما کے وفد کی ملاقات، مدارس کے نصاب اور مسائل کے حل کے لیے دو وفاقی وزرا پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان سے علمائے اکرام کے وفد نے ملاقات کی جس میں دو وفاقی وزرا پر مشتمل کمیٹی مدارس کے نصاب اور مسائل کے حل کے لیے قائم کر دی گئی ہے۔ عمران خان کا علما کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معاملات ماضی کی طرح نہیں چلائیں گے، آپ کو تبدیلی نظر آئے گی۔

علما وفد کے رکن قاری حنیف جالندھری کے مطابق مدارس کے مسائل اور نصاب کے حل کے لیے امور وزارت داخلہ سے لے کر وزارت تعلیم کے سپرد کر دیئے گئے ہیں۔ وزیرِاعظم چاہتے ہیں کہ میڑک تک مدارس سمیت تمام سکولوں کا ایک ہی نصاب ہو۔

علما نے ملاقات میں تجویز دی کہ ایک نصاب رائج کرنے کے لیے علما، ماہرین تعلیم اور دیگر فریقین سے مشاورت کی جائے اور نصاب عصر حاضر اور دینی و ملی تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ کمیٹی میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور وزیر تعلیم شفقت محمود شامل ہوں گے۔