وزیراعظم کا سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز کوئٹہ کا دورہ، آئی ایس پی آر

Last Updated On 07 October,2018 12:11 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ جام کمال کا وزراء کے ہمراہ سدرن کمانڈ ہیڈکواٹرز کا دورہ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے استقبال کیا، کمانڈر سدرن کمانڈ نے وزیراعظم کو بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ جام کمال نے وزراء کے ہمراہ سدرن کمانڈ ہیڈکواٹرز کا دورہ کیا، جہاں کمانڈر سدرن کمانڈ عاصم سلیم باوجوہ نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان نے صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں اور سیکیورٹی کی صورتحال بہتر کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قومی کوششوں سے انشاءاللہ ملک اور صوبے کو صحیح منزل کی جانب گامزن کریں گے، ملک اور صوبہ بلوچستان کی صحیح منزل امن، ترقی اور خوشحالی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ کے پی میں استحکام حاصل کرنے کے بعد ہماری ترجیح بلوچستان ہے، بلوچستان پاکستان کا معاشی اقتصادی مستقبل ہے اب بلوچستان میں قیام امن ہمارا ہدف ہے۔

اس دورے کے دوران وزیراعظم کو سی پیک پراجیکٹ، پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے منصوبے اور خوشحال بلوچستان پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔