نواز شریف نے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کر دیا

Last Updated On 07 October,2018 07:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے خاموشی توڑتے ہوئے فرنٹ فٹ پر آنے کا فیصلہ کر لیا ہے، شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف جوابی حکمت عملی کیلئے پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پیر کو سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے۔

شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے نواز شریف سے حمزہ اور سلمان شہباز نے اہم ملاقات کی، مریم نواز بھی اس میں شریک تھیں جس میں سیاسی ملاقاتوں اور سرگرمیوں کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی پیر کو طلب کیا گیا ہے جس میں حکمت عملی طے ہو گی، خاموشی چھوڑ کر فرنٹ فٹ پر کھیلنے کا ماحول بنایا جائے گا۔

دوسری جانب لاہور کے حلقہ این اے 124 میں شاہد خاقان عباسی کی انتخابی مہم میں خواتین کنونشن سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ مہنگائی بم پر قوم عمران نیاز ی کا محاسبہ کرے گی، شہباز شریف نے بڑے منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچائے، صاف پانی کیس میں بلایا، اس میں کچھ نہ ملا تو آشیانہ کیس میں گرفتار کر لیا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ضمنی انتخاب جیت کر عوام ثابت کرے گی کہ جعلی مینڈیٹ والے عمران نیازی کو وزیرِاعظم نہیں مانتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ویژن اور حوصلے سے چلتے ہیں، چندے سے نہیں۔

ن لیگی ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب سے قبل شہباز شریف کی گرفتاری ناقابل قبول ہے، پارٹی ایگزیکٹو کونسل سے کو اعتماد میں لے کر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔