اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم اور داماد نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے وزارت داخلہ سے رجوع کر لیا۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے 3 اکتوبرکو دی گئی درخوست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ احتساب عدالت نے انہیں کرپشن کے الزامات سے بری کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب ریفرنس میں سزا کو معطل کر دیا، نیب نے 19 ستمبر کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر نہیں کی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بیرون ملک سفر پر پابندی لگائی نہ کسی بھی اور عدالت نے ای سی ایل پر نام ڈالنے کا حکم دیا۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ قانون پرعملدر آمد کرنے والے شہری ہیں، احتساب عدالت نے عدم موجودگی میں سزا سنائی، ہم نے رضا کارانہ طور پر گرفتاری دی، بیرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں، ای سی ایل سے نام نکالا جائے۔ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے بھی الگ الگ درخواستوں میں انہی بنیادوں پر ای سی ایل سے نام نکالنے کی استدعا کی ہے۔