فیصل رضا عابدی انسداد دہشتگردی عدالت پیش، 2 روزہ ریمانڈ منظور

Last Updated On 11 October,2018 02:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیصل رضا عابدی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش، عدالت نے سابق سینیٹر کا 2 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا، پولیس نے جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی تھی۔

 قبل ازیں فیصل رضا عابدی کی درخواست پر جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل رضا عابدی کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے جس کا جی چاہتا ہے عدلیہ پر کیچڑ اچھالتا ہے، عدلیہ اور چیف جسٹس کو سرعام دھمکیاں دی جا رہی ہیں، عدلیہ کو دھمکانے کا رویہ درست نہیں ہے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تین ایف آئی آر ایک دفعہ کرنا غیرقانونی ہے، جس پر جسٹس محسن کیانی نے کہا سزا ایک میں ہی ہوگی تین میں نہیں، کیا آپ نے عدالت کی توہین کی ہے ؟ عدلیہ کو تھریٹ کرنے کا رویہ درست نہیں ہے۔ وکیل نے کہا نہیں توہین نہیں کی سخت الفاظ کہے تھے۔