پرویز مشرف دل کے شدید عارضے میں مبتلا، میڈیکل رپورٹ جاری

Last Updated On 14 October,2018 11:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دبئی کے ہسپتال نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ جاری کردی، 16 صفحات پر مشتمل رپورٹ کے مطابق سابق صدر دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، چیک اپ اور نگہداشت میں معمولی تاخیر بھی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔

دنیا نیوز کو موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف دل کے شدید عارضے میں مبتلا ہیں اور انتہائی نگہداشت میں رہتے ہیں۔ ان کے وزن میں بھی روزانہ کی بنیاد پر کمی بیشی ہوتی رہتی ہے۔ علاج میں معمولی سی تاخیر بھی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے، لہذا سفر کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر کا علاج آئندہ ایک سال تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ این آر او کیس میں چیف جسٹس آف پاکستان نے سابق صدر پرویز مشرف کو 15 اکتوبر تک عدالت میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی تھی اور وطن واپسی کی صورت میں گرفتار نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔ میاں ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ پرویز مشرف آئندہ پیر کو عدالت آجائیں انہیں کوئی گرفتار نہیں کرے گا۔