نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبہ: پنجاب کے مزید 10 شہروں کو شامل کرنیکا فیصلہ

Last Updated On 15 October,2018 03:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبے میں پنجاب کے مزید 10 شہروں کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، مزید 10 شہروں میں اگلے سال کے شروع میں رجسٹریشن کے لئے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔

نئے دس شہروں میں لاہور، قصور، سیالکوٹ، جہلم، بہاولپور، لیہ، ملتان ، وہاڑی، رحیم یار خان اور گوجرانوالہ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی ہاوسنگ ٹاسک فورس اور پنجاب حکومت نے ابتدائی تیار مکمل کر لی۔

پنجاب میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت فیصل آباد میں منصوبہ شروع کیا گیا ہے، فیصل آباد میں تکنیکی ٹیم نے سروے مکمل کرلیا، دو منزلہ گھر بنیں گے۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید کا کہنا ہے پائلٹ پراجیکٹ کے ساتھ ساتھ مزید دس شہروں میں تیاری کی جا رہی ہے، اگلے سال کے شروع میں نئے دس شہروں میں درخواستیں مانگ لی جائیں گی۔

 یاد رہے اس سے قبل نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت 7 اضلاع فیصل آباد، سکھر، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد، گلگت اور مظفر آباد میں پائلٹ پراجیکٹ آغاز کیا گیا تھا۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت 60 دنوں میں رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو گا۔ فارم 12 اکتوبر 2018 سے 21 دسمبر 2018 تک مختص کردہ ضلعی ہاؤسنگ پروگرام آفس میں بمعہ 250 روپے رجسٹریشن فیس کے جمع کرائے جاسکیں گے۔

Advertisement