لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ہمایوں اختر خان نے اپنی شکست کی وجہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو قرار دے دیا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر“ میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان کا کہنا تھا کہ خاموش ووٹر قیمتوں میں اضافے کیخلاف باہر نکلا، میں نے وزیرِاعظم کو کہا تھا کہ قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے کیونکہ اس کا الیکشن پر اثر پڑے گا۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے ضمنی الیکشن میں 32 فیصد ووٹ کاسٹ ہوا، ووٹرز کم تعداد میں باہر نکلے لیکن میں نے مشکلات کے باوجود پچاس ہزار ووٹ لیے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور شہر میں پی ٹی آئی کو پارٹی کی تنظیم سازی کا بھی مسئلہ ہے، تنظیم سازی کر کے پارٹی کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے، میں اپنے حلقے میں تنظیم سازی پر توجہ دوں گا۔