ایس ایس پی تشدد کیس، عمران خان کیخلاف تمام ریکارڈ طلب

Last Updated On 17 October,2018 06:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف ایس ایس پی تشدد کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ نے وزیرِاعظم عمران خان کی بریت کے فیصلے کیخلاف وفاق کی اپیل پر سماعت کی۔

حکومتی وکیل صداقت عباسی نے موقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے چار مئی کو ایس ایس پی تشدد کیس میں عمران خان کو بری کرنے کا حکم دیا۔ یہ فیصلہ کالعدم قرار دے کر عدالت کو کیس کا ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دیا جائے۔ اس کیس میں گیارہ گواہان بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ کسی بھی گواہ نے ملزم عمران خان کے خلاف شہادت نہیں دی۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا آپ نہیں چاہتے کہ وزیرِاعظم بری ہوں؟ حکومتی وکیل صداقت عباسی نے جواب دیا کہ عدالت کیس کا ٹرائل کرے اور اس کے بعد بے شک انھیں بری کر دے ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

عدالت نے مقدمے کا مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کو ایس ایس پی تشدد کیس میں بری کیا جس کے خلاف سابقہ حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی اور وفاق کی طرف سے دائر اس اپیل میں فریق مخالف اب وزیراعظم ہیں۔