اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) سپریم کورٹ میں ملکی آبی ذخائر کو محفوظ بنانے، ڈیمز کی تعمیر اور قلت آب کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے دو روزہ بین الا قوامی سیمینار کا آغاز آج ہو گا۔
افتتاحی سیشن کی صدارت صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کر یں گے جبکہ سپریم کورٹ کے آڈیٹوریم میں افتتاحی سیشن کا آغاز نماز جمعہ کے بعد دن دو بجے ہو گا، پو نے تین بجے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار اور صدر مملکت تقریب میں آئیں گے جبکہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار تقریب کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے خطاب کریں گے جن کے بعد پانی کی صورتحال اور ڈیمز کی تعمیر بارے واپڈا کے چیئر مین مزمل حسین کا خطاب ہو گا اور آخر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کر یں گے۔
آج شام افتتاحی تقریب کے بعد شام چار سے سات بجے تک سندھ طاس معاہدے کے قانونی نکات پر پہلا سیشن منعقد ہو گا۔ جس کے بعد کل ہفتے کو ڈیمز کی تعمیر اور آبی ذخائر، ڈیمز کی فنانسنگ، گراؤنڈ واٹر، واٹر ریچارج، واٹر پرائس اور واٹر ریسورسز گورننگ کے موضوعات پر سیشن منعقد ہوں گے جبکہ شام چھ بجے اختتامی سیشن منعقد ہو گا جس میں تمام گروپس اپنی اپنی تجاویز دیں گے اور ان تجا ویز کو حتمی شکل دی جا ئے گی، اختتامی سیشن کے مہمان خصوصی چیف جسٹس میاں ثاقب نثار ہوں گے۔