سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس: رانا عبدالجبار، کیپٹن (ر) عثمان کو گرفتار کرنیکا حکم

Last Updated On 19 October,2018 05:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں عدالت نے سابق ڈی آئی جی رانا عبدالجبار اور ڈی جی فوڈ کیپٹن (ر) محمد عثمان کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا دونوں ملزموں کو متعدد مرتبہ طلب کیا گیا لیکن پیش نہیں ہوئے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کی لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے حکم دیا کہ سی سی پی او لاہور دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرے۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے دونوں ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت نے رانا عبدالجبار اور کیپٹن (ر) محمد عثمان کو استغاثہ میں آج طلب کر رکھا تھا۔ عدالت نے ملزم اے ایس وسیم اور اشرف کو اشتہاری قرار دے دیا جبکہ سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔