کشمیریوں کے صبر و استقلال سے بھارتی ظلم ہار چکا ہے: فواد چوہدری

Last Updated On 20 October,2018 12:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے صبر و استقلال سے بھارتی ظلم ہار چکا ہے، پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا سب سے بڑا وکیل ہے، جو ہر فورم پرکشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو اجاگر اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتا رہے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے حریت کانفرنس اور جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، کشمیریوں کے صبر و استقلال سے بھارتی ظلم ہار چکا ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کے خود ارادیت کے حق کا سب سے بڑا وکیل ہے، پاکستان ہر فورم پرکشمیریوں کےحق خود ارادیت کی جدوجہد کو اجاگر اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتا رہے گا۔ وفد نے حکومت کی جانب سے کشمیریوں کی بھرپور حمایت کے اظہار کو سراہا، وفد میں راجہ نجابت حسین، عبدالحمید لون اور دیگر شامل تھے۔