فلیگ شپ ریفرنس، گواہ استغاثہ واجد ضیا پر جرح تیسرے روز بھی جاری رہی

Last Updated On 24 October,2018 05:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فلیگ شپ ریفرنس میں استغاثہ کے اہم گواہ واجد ضیا پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جرح تیسرے روز بھی جاری رہی۔ نواز شریف سیکیورٹی خدشات کے باعث پیش نہیں ہوئے۔

جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا نے بتایا کہ دبئی جانے والی ٹیم کو جفزا اتھارٹی کے نام خط دیا تھا، خط میں ٹریڈنگ لائسنس کے بارے میں خصوصاً نہیں لکھا گیا، واپسی پر ممبران نے بتایا کہ جفزا حکام کو ٹریڈنگ لائسنس پر زبانی درخواست کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ گورنیکا انٹرنیشنل نے دستاویزات اصل ہونے کی تصدیق کی۔ جے آئی ٹی نے کپیٹل ایف زیڈ ای کے قیام، مالک، ڈائریکٹر، سیکرٹری اور مجاز دستخط کنندہ کی معلومات نہیں لیں۔

وکیل خواجہ حارث نے گواہ سے پوچھا کہ کیا جے آئی ٹی نے دوران تفتیش حسن نواز سے کیپٹل ایف زیڈ ای کی ملکیت اور بزنس سے متعلق پوچھا تھا؟ واجد ضیا نے جواب دیا کہ حسن نواز سے ایسا کوئی سوال نہیں کیا۔ واجد ضیا پر جرح جمعرات کو بھی جاری رہے گی۔