چین کے تعاون سے مالی بحران سے نکل جائیں گے، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 04 November,2018 03:50 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین کےساتھ تعلقات پاکستان کیلئے بہت اہمیت کے حامل ہیں، پاکستانی معیشیت دہشتگردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے متاثر ہوئی، چین نے 70 کروڑ لوگوں کوغربت سےنکالا، چین کے تعاون سے مالی بحران سے نکل جائیں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے چینی نائب صدر وینگ کشان سے ملاقات میں‌ دونوں ممالک کے مابین سٹریٹجک تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی.

وزیراعظم نے چینی سنٹرل پارٹی سکول میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا ہر مشکل میں ساتھ نبھانے والا دوست ہے، چین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، امید ہے چین کی مدد کےباعث موجودہ چیلنجزسے نکل جائیں گے، پاکستان 60 کی دہائی میں ہرشعبےمیں ترقی کررہاتھا، ترقی پذیرممالک میں پاکستان کومثال کےطورپرلیاجاتاتھا، کرپشن کی وجہ سے ترقی رک گئی اور اس سے پاکستانی ادارے تباہ ہو کر رہ گئے۔ حکمرانوں کےغیرملکی قرضوں کابوجھ عوام پرپڑا۔ ملک میں مہنگائی ہوئی اور غیرملکی قرضوں کی ادائیگی عوام کو مہنگائی کی صورت کرنا پڑی۔

عمران خان نے کہا کہ چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، پاکستان میں غربت کا خاتمہ اور اداروں کا استحکام پہلی ترجیح ہے۔ وائٹ کالر کرائم کو پکڑنے کیلئے چین سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کو چین کے عوام سے محبت ہے، سی پیک پاکستان اور چین کیلئےانتہائی اہم ہے جس کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم نے نائب چینی صدر وینگ کشان سے ملاقات کی جس میں ماہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، عمران خان نے چینی نائب صدر سے دونوں ممالک کےسٹریٹجک تعلقات اور خطے میں درپیش مشترکہ چیلنجز پر بات چیت کی، چینی نائب صدر نے سی پیک پر جاری منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور سکیورٹی معاملات پر گفتگو کی۔