پاک فضائیہ کے سربراہ کی ژوہائی ائیر شو کی افتتاحی تقریب میں شرکت

Last Updated On 06 November,2018 08:03 pm

ژوہائی: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ژوہائی ایئر شو (چین) کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، کئی ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان اور اعلیٰ سطح وفود بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ائیر چیف نے پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس کامرہ کی جانب سے قائم کردہ سٹال کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے دستہ سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے شو میں شریک پاک فضائیہ کے افراد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کی اس ائیرشو میں شرکت پوری قوم کے لئے باعثِ فخر ہے۔

ائیر چیف نے وہاں پر سٹیٹک ڈسپلے پر موجود جے ایف 17 تھنڈر کا معائنہ بھی کیا اور پائلٹ اور گراؤنڈ کریو سے ملاقات کے دوران ان کی شو میں عمدہ کارکردگی کو بھی سراہا۔

اس موقع کی مناسبت سے ائیر چیف نے دنیا بھر سے شرکت کنندہ فضائی افواج کے سربراہان سے ملاقات کی اور ان سے پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔

ائیر چیف نے اپنے ہم منصب پیپلز لبریشن آرمی (ائیر فورس) کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لی آنگ سے بھی ملاقات کی۔ دونوں معزز شخصیات نے اپنے ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تربیت اور صلاحیت کو بڑھانے کے پروگرامز میں مزید تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

بعد ازاں انہوں نے مختلف سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں پر موجود کئی ممالک کی ائیر فور سز کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔