پنجگور میں اے ٹی آر طیارے کو حادثہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا، ذرائع

Last Updated On 11 November,2018 11:07 am

کراچی (دنیا نیوز) پنجگور میں اے ٹی آر طیارے کو حادثہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق اے ٹی آر طیارے کا ایک بریک پہلے سے ہی خراب تھا جبکہ آج جہاز کے دوسرے بریک نے حادثاتی طورپر کام کرنا چھوڑدیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ جہاز کے کپتان نے دونوں انجنوں کو ریورس پر ڈال کر روکنے کی کوشش کی، الٹی ڈائریکشن میں انجن جہاز کے بریک کا کام کرتے ہیں لیکن پنجگور کا رن وے 5ہزار فٹ ہونے کی وجہ سے تدبیر کارگرثابت نہ ہوسکی۔

ذرائع نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ بین الاقوامی قوانین میں ایک بریک پر جہاز آپریٹ کرنے کی اجازت دیتی ہے اورمینیم ایکوپمنٹ لسٹ کے تحت کپتان جہاز کو ایک بریک پر اڑاسکتا ہے۔

کراچی سے بلوچستان کے شہر پنجگور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے517 لینڈنگ کے دوران بے قابو ہوکر رن وے سے اتر گئی تھی اور اس کے ٹائر پھٹ گئے تھے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا اور طیارے میں موجود 57 مسافر محفوظ رہے۔ امدادی اور سیکورٹی اہلکار فوری طور پر طیارے کے پاس پہنچے اور تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت باہر نکالا۔

دوسری طرف ترجمان پی آئی اے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی سے پنجگور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 517 کو پنجگور میں دوران لینڈنگ معمولی حادثہ پیش آیا اور طیارہ رن وے سے ہٹ گیا تاہم بحفاظت لینڈنگ کرگیا، تمام مسافر محفوظ رہے اور گھروں کو جا چکے ہیں، ٹائروں کو معمولی نقصان پہنچنے کے باعث واپسی کی پرواز میں کچھ تاخیر متوقع ہے۔

Advertisement