جشن آمد رسولؐ: گلی کوچے برقی قمقموں‌ سےروشن، ہر جانب نور کا سماں‌

Last Updated On 21 November,2018 03:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں جشن میلادالنبی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت چھوٹے بڑے شہروں‌ میں‌ جلوس اور ریلیاں‌ نکالی جا رہی ہیں‌. عمارتیں‌ دیدہ زیب انداز سے سجا دی گئیں، گلی کوچے برقی قمقموں سے روشن ہو گئے جس سے ہر جانب نور کا سا سماں‌ ہے. شہر شہر، قریہ قریہ درود وسلام کی صداؤں سے لبریز محافل منعقد کی جارہی ہیں.

نگاہ عشق و مستی میں وہی اول وہی آخر، وہی قرآن وہی فرقاں وہی یسیں وہی طہ۔ آقائے دو جہاں ﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر وفاق میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21۔ 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ 

قریہ قریہ مصطفی جان رحمت پہ لاکھوں سلام کی صدائیں گونج رہی ہیں۔ جشن عید میلادالنبی ﷺ ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، کراچی سے خیبر، گوادر سے کشمیر تک گلی گلی، کوچہ کوچہ رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگانے لگا۔ بازار، گلیاں اور محلے سجے ہوئے ہیں۔

مساجد رنگ و نور میں نہا گئیں، سرکاری اور نجی عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔بازاروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور آرائشی اشیا سے سجا دیا گیا۔

گلی گلی نذرونیاز تیار کر کے تقسیم کی جارہی ہے۔ بچوں نے عید میلادلنبی ﷺ پر روایتی طور پر تیار کئے جانے والے ماڈلز پر مشتمل پہاڑیاں بھی بنا رکھی ہیں۔ سب مل کر اپنا اپنا حصہ ڈال رہے ہیں ایسے میں آپس میں پیار و محبت اور یگانگت کا حسین منظر معاشرے کو چار چاند لگا رہا ہے۔

عید میلادالنبی پر آج دن بھر چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں اور جلوس نکالے جارہے ہیں، شمع رسالت کے پروانے اپنے اپنے انداز میں سرور کونین ﷺکو خراج عقیدت پیش کریں گے۔