کراچی میں صدر مملکت نے آئیڈیاز 2018 نمائش کا افتتاح کر دیا

Last Updated On 27 November,2018 03:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئیڈیاز 2018 نمائش کا افتتاح کر دیا، نمائش میں سیاسی اور عسکری قیادت نے شرکت کی، 50 سے زائد ممالک کے 262 وفود شریک ہیں۔

 دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کی افتتاحی تقریب سے صدر مملکت عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہماری معیشت بری طرح متاثر ہوئی، پاک فوج دہشتگردوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، ہمیں پاک فوج کے شہدا پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کے خاتمے میں پاک فوج کا کردار قابل ستائش ہے، ہمارے ہتھیار دفاع کیلئے ہیں، دہشتگردی کیخلاف پاکستانی فوج دنیا کی تجربہ کار ترین فورس ہے، اپنے ملک کے دفاع کیلئے ہم ہر قدم اٹھائیں گے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، افغان جنگ کے 32 لاکھ متاثرین کو پاکستان میں پناہ دی، ایشوز کو حل کرنا ہوگا، جنگ مسائل کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک پر امن ملک ہے، بھارت کو مذاکرات کی میز پر آکر مسائل حل کرنا ہوں گے، آئین عام شہری کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرتا ہے، پاکستان ہر قسم کی تنازعات کا پر امن حل چاہتا ہے۔

 عارف علوی نے مزید کہا کہ پوری دنیا گھوم کر دیکھی، پاکستان سے خوبصورت ملک کوئی نہیں، دہشتگردی کیخلاف پاکستانی فوج دنیا کی تجربہ کار ترین فورس ہے، جے ایف تھنڈر، مشاق طیاروں اور دیگر دفاعی آلات کی تیاری پر فخر ہے، پاکستان دفاعی لحاظ سے خود انحصاری کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ انہوں نے کہا بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کے حقوق نہیں دبا سکتا، ہماری امن کی کوششوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، خطے کی ترقی علاقائی امن وامان سے وابستہ ہے۔

ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ڈیپو بریگیڈیئر وحید نے بتایا کہ پاکستان کی دفاعی ساز و سامان کی برآمدات مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ برآمدات 30 کروڑ ڈالر سے زائد ہوچکی ہیں۔ کراچی میں اس نمائش کا انعقاد شہریوں کیلئے بھی اعزاز ہے۔

واضح رہے کہ ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی اس نمائش کے انعقاد سے پاک فوج کے تینوں شعبوں کو اپنی استعداد اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس موقع پر ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔ حکومت اور نجی اداروں کے درمیان بھی کئی طرح کے معاہدے طے پاتے ہں۔ اس سال نمائش میں روس اضافی دفاعی ساز و سامان اور دو بڑے بحری جہازوں کے ساتھ شریک ہو رہا ہے۔ امریکا کی نمائندگی بھی گزشتہ نمائش کی نسبت بڑھی ہے۔ اسلحہ ساز امریکی اداروں کے علاوہ ایک خصوصی وفد بھی شریک ہے۔

آئیڈیاز 2018 کے دوران شہریوں کے لیے ایئر شو کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے ارکان بھی دفاعی نمائش میں شریک ہوں گے اور اس نمائش کے حوالے سے پاکستان کی دفاعی پیداوار میں خود کفالت سے متعلق رپورٹ سینیٹ میں پیش کی جائے گی۔