فلیگ شپ ریفرنسز، تفتیشی افسر پر وکیل صفائی کی جرح مکمل

Last Updated On 28 November,2018 06:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کے تفتیشی افسر پر جرح مکمل ہو گئی، عدالت نے نواز شریف کو سوالنامہ فراہم کر دیا، نیب پراسیکیوٹر کو کل العزیزیہ ریفرنس میں حتمی دلائل کا حکم دیدیا۔

فلیگ شپ ریفرنسز کی اختتام کی جانب ایک اور پیشرفت، تفتیشی افسر محمد کامران پر وکیل صفائی کی جرح مکمل، نواز شریف کو صفائی کے بیان کیلئے سوالنامہ فراہم، نیب کے اعتراضات مسترد کر دیے گئے۔

تفتیشی افسر محمد کامران نے وکیل خواجہ حارث کے سوالات پر بتایا کہ نواز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران حسن نواز کی کمپنیوں کا ذکر نہیں کیا، بیٹوں کے بیرون ملک کاروبار کا حوالہ دیا۔

فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو 342 کا بیان قلمبند کروانے کے لئے سوالنامہ فراہم کر دیا گیا جو 62 سوالات پر مشتمل ہے، نیب کل اس ریفرنس میں شواہد مکمل ہونے سے متعلق بیان دے گا۔

احتساب عدالت نے منگل کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ العزیزیہ ریفرنس میں پہلے نیب پراسیکیوٹر جمعرات سے حتمی دلائل دیں۔


 

Advertisement