وزیراعظم عمران خان مرغی فارمولے پر تنقید کرنیوالوں پر برس پڑے

Last Updated On 01 December,2018 08:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان مرغی فارمولے پر تنقید کرنے والوں پر برس پڑے اور کہا دیسی لوگ کوئی بات کریں تو غلامانہ ذہنیت والے مذاق اڑاتے ہیں، ولایتی لوگ مرغی اور غربت کے خاتمے کی بات کریں تو وہ شاندار کہلاتا ہے۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان کا 100 روزہ کارکردگی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا لاہور میں بہت جلد ایک بہت بڑی منڈی کا افتتاح ہو گا، دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمے کیلئے پروگرام لارہے ہیں، سیم والے علاقوں میں جھینگا فارمنگ کی جاسکتی ہے، دیہی خواتین کو دیسی مرغیاں، انڈے اور چوزے دیئے جائیں گے، یہ سب ایسے اقدامات ہیں جن پر زیادہ اخراجات نہیں آئیں گے اور اس کا براہ راست فائدہ غریبوں کو پہنچے گا۔

عمران خان نے کہا دنیا کی حلال گوشت مارکیٹ میں پاکستان کا کوئی حصہ نہیں، ملائیشیا کے سرمایہ کار حلال گوشت میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، ابھی ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے ، نہریں پختہ کرنے سے بھاشا ڈیم سے زیادہ پانی جمع ہو گا، مچھلی کی درآمدات نہ ہونے کے برابر ہیں، مہاتیرمحمد نے سرمایہ کاروں کو ملائیشیا میں سازگار ماحول فراہم کیا، ملائیشیا ہم سے پیچھے تھا آج آگے نکل گیا، سرمایہ کاری،برآمدات بڑھنے سے آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا پڑے گا، سرمایہ کاری سے غربت کم ہوگی۔