سپریم کورٹ: منشا بم کے قبضے سے زمین ایک ہفتے میں واپس لینے کا حکم

Last Updated On 02 December,2018 03:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے لاہور میں قبضہ مافیا کے خلاف از خود نوٹس کے دوران منشا بم سے بے کس لوگوں کی زمین ایک ہفتےمیں واپس لینے کا حکم دے دیا، سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر متاثرین زمینیں واگزار کروانے کیلئے احتجاج بھی کرتے رہے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے منشا بم کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے متعلقہ حکام کو مظلوم افراد کی زمینوں پر قبضے ایک ہفتے میں چھڑوانے کا حکم دے دیا۔ کارروائی کیلئے چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب اور ڈی سی لاہور کو طلب کر رکھا تھا۔

چیف جسٹس آج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس نہ لگانے کے خلاف کیس سمیت دیگر مقدمات کی سماعت بھی کریں گے۔ پنجاب حکومت سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کا حتمی پلان طلب کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر آج سائلین کی بڑی تعداد موجود رہی جب کہ خواتین نے عدالتی کے اندرونی احاطے میں جانے کی کوشش کی جس پر وہاں موجود اہلکاروں نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔