دیکھنا ہوگا زلفی بخاری مشیر رہ سکتے ہیں یا نہیں: چیف جسٹس

Last Updated On 05 December,2018 02:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) زلفی بخاری کی دہری شہریت کیس میں چیف جسٹس نے کہا دیکھنا ہوگا مشیر رہ سکتے ہیں یا نہیں، اقربا پروری پر تقرریاں ہوں گی تو مداخلت کریں گے، کسی کو افسوس ہوا ہے تو فیصلے تبدیل نہیں کرسکتے، پہلے بھی افضال بھٹی کو فارغ کیا تھا۔

سپریم کورٹ میں معاون خصوصی زلفی بخاری کی دہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل اعتزاز احسن نے زلفی بخاری کی کامیابیوں کی تفصیلات کمرہ عدالت میں پڑھ کر سنائیں اور کہا زلفی بخاری وزیراعظم کے معاون خصوصی ہیں، زلفی بخاری کی فلموں کو ایوارڈ مل چکے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا یہ بتائیں پاکستان میں زلفی بخاری کب مشہور ہوئے، دہری شہریت کے معاملے پر افضال بھٹی کو بھی فارغ کیا تھا، وہ بھی سمندر پار پاکستانیز محکمے کے مشیر تھے، دیکھنا ہے دہری شہریت والا مشیر رہ سکتا ہے یا نہیں ؟۔

اعتزاز احسن نے کہا ایسے پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیئے۔ چیف جسٹس نے کہا سچے پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیئے، ایسے نہیں جو جہاز میں پاکستان سے کسی کو لینے آتے ہیں۔

وکیل اعتزاز احسن نے کہا زلفی بخاری اپنی ساری تنخواہ ڈیم فنڈز کو دے رہے ہیں، جس پر کمرہ عدالت میں قہقہہ لگ گیا۔ عدالت نے زلفی بخاری کیس کی سماعت 26 دسمبرتک ملتوی کر دی۔
 

Advertisement