بدعنوانی سے لوٹی رقم کو واپس لایا جائے گا، چیئرمین نیب

Last Updated On 05 December,2018 08:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین نے کہا ہے کہ بدعنوان عناصر کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی اور لوٹی گئی رقم کو دنیا کے کونے کونے سے وطن واپس لایا جائے گا۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب میں کہنا تھا کہ کئی لوگ دیکھتے ہی دیکھتے دبئی میں پلازوں کے مالک بن گئے، دیکھنا ہو گا ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا اور ماضی میں اور اب کس طرح قومی خزانہ کو لوٹا گیا، بدعنوان عناصر کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، بدعنوانی سے لوٹی رقم اور منی لانڈرنگ سے بیرون ممالک بھجوائی گئی رقوم کو دنیا کے کونے کونے سے واپس لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ملک میں صرف آئین اور قانون کی حکمرانی ہو گی، بدعنوانی کا واحد علاج خود احتسابی ہے، بدعنوانی میں کمی سے ہی کرپشن فری پاکستان کا خواب پورا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے ان لوگوں پر ہاتھ ڈالا جن کے خلاف کارروائی کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا، ملک میں بدعنوانی دیمک سے بڑھ کر ناسور بن چکی ہے، بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے سرجری کرنا ہوگی۔