بیرون ملک جائیدادوں کا کیس: علیمہ خان کی جائیداد کی مکمل تفصیلات طلب

Last Updated On 06 December,2018 12:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ایف بی آر کو حکم دیا ہے کہ علیمہ خان کی جائیداد کی تفصیلات پیش کی جائیں۔ چیف جسٹس نےریمارکس دیئے کہ پاکستانیوں کے بیرون ملک اکاؤنٹس اور جائیدادوں کی تحقیقات کا معاملہ جان بوجھ کر خراب کیا گیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ عدالت کے حکم پرعمل ہوگا۔

پاکستانیوں کے بیرون ملک اکاؤنٹس اور جائیدادوں سے متعلق اسٹیٹ بینک کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی تو چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہم نے جے آئی ٹی بنائی تھی اور کہا تھا بتایا جائے کہ پاکستانیوں کا پیسہ کیسے باہر منتقل ہوا ؟ چیئرمین ایف بی آر نے کارروائی جاری ہونے کا بتایا تو چیف جسٹس نے کہا عدالت کے حکم پر عمل کیوں نہیں ہوا، چیئرمین اور ممبر ایف بی آر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیتے ہیں۔

چیف جسٹس نے چیئرمین اور ممبر ایف بی آر سے کہا کہ پاکستانیوں کی بیرون ملک 3 ہزار ارب روپے کی جائیدادیں ہیں، آپ نے معاملہ سرد خانے میں ڈال کر عدالت کا حکم نامہ بھی خراب کر دیا۔ عدالت نے حکم دیا علیمہ خان کی جائیداد کی مکمل تفصیلات پیش کی جائیں، بتایا جائے کہ ایف بی آر نے اس معاملے میں کیا کارروائی کی اور کیا کرنے جا رہے ہیں۔ کیس کی آئندہ سماعت 13 دسمبرکو ہوگی۔