لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب اور کسان اتحاد کے مذاکرات کامیاب ہو گئے، کسانوں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا، حکومت پنجاب اور شوگر ملز مالکان کے درمیان بھی معاملات طے پا گئے، کل سے کرشنگ سیزن کا آغاز ہوگا، گنے کی قیمت ایک سو اسی روپے من ہوگی۔
کسانوں کا احتجاج رنگ لے آیا، حکومت پنجاب کے ساتھ مذاکرات کامیاب، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کے بعد کسانوں کا احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان، ایوان وزیراعلیٰ میں کامیاب مذاکرات کے بعد کسان اتحاد کے رہنما چودھری انور نے فیصلوں کا اعلان کیا۔
شوگر ملز مالکان اور حکومت پنجاب کے درمیان بھی مذاکرات کامیاب رہے، مذاکرات کے بعد شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کرشنگ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ جمعہ سے گنے کی کرشنگ کا آغاز کر دیا جائے گا، گنے کی قیمت ایک سو اسی روپے ہوگی۔
حکومت پنجاب کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ شوگر ملز مالکان کے مسائل حل کیے جائیں گے، ان کو دو ارب نوے کروڑ کی ادائیگی طے شدہ پروگرام کے تحت کی جائیں گی۔