شیخ رشید کے وزیراطلاعات فواد چودھری سے متعلق بیان نے تہلکہ مچادیا

Last Updated On 09 December,2018 01:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیرریلوے شیخ رشید کے مطابق وزیراعظم نے ان سے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات میں آ جائیں، کپتان نے فواد چودھری سے کہا ہے کہ واپس آ جائیں۔ وزیراطلاعات نے اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا وزیراعظم فیصلہ کریں گے، جسے وہ بہتر سمجھیں گے، وزیربنائیں گے تاہم ابھی وزیراطلاعات وہی ہیں۔

شیخ رشید کی گفتگوسے سیاست میں نیا طوفان آ گیا، لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ صاحب کہنے لگے۔ وزیراعظم سے 4 میٹنگز ہوئیں، یہ کوئی انصاف ہے۔ وزیراعظم نے مجھ سے کہا،انفارمیشن منسٹری میں آ جاؤ۔

وزیر ریلوے نے وزارت میں تبدیلی پر صحافی کے سوال پر ایسا دلچسپ جواب دیا کہ گویا دل کی بات زبان پر آگئی۔ شیخ صاحب کے گال لال ہو گئے اور کپتان کی محبت ٹھاٹھیں مارنے لگی۔ میدان سیاست میں اس تلاطم کے بعد جب شیخ رشید سے دوبارہ رابطہ ہوا تو بات پکنک اور آلو یو سے ہوتی ہوئی "میرا بھائی" کی طرف مڑ گئی۔

اس معاملے پر وزیراطاعات فواد چودھری نے بھی اپنی پوزیشن واضح کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فیصلہ کریں گے، جسے بہتر سمجھیں گے، وزیر بنائیں گے۔

فوادچودھری نے ٹویٹ میں کہا وہ اب بھی وزیراطلاعات ہیں، شیخ رشید کیلئے وزارت چھوڑنے کیلئے تیارہیں۔ اشتہاری لابی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے.