گلستان جوہر میں دھماکا نصب شدہ بم سے کیا گیا، بم ڈسپوزل سکواڈ

Last Updated On 09 December,2018 08:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں محفل نعت کے دوران ہونے والا دھماکا کریکر کا نہیں تھا، بی ڈی ایس حکام نے دھماکے میں آئی ای ڈی ڈیوائس استعمال ہونے کی نشاندہی کر دی۔ آئی جی سندھ نے جائے وقوعہ کے دورہ کے دوران کہا کہ ایسے واقعات شہر کا امن خراب کرنے کی سازش ہیں۔

کراچی کی فضا میں پھر بارود کی مہک پھیل گئی۔ ہفتے کی رات گلستان جوہر میں محفل نعت کے دوران ہونے والے دھماکے کے مقام کا جائزہ لینے کے لیے آئی جی سندھ کلیم امام پہنچے اور جائے وقوعہ کا دورہ کیا، انہوں نے افسران وعلاقہ مکینوں سے بات چیت بھی کی۔

میڈیا سے گفتگو میں آئی جی سندھ نے کہا کچھ لوگ شہر کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، چائنیز قونصل خانے پر حملے میں ملوث کئی افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اس واقعے کے محرکات اور ملوث افراد تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بم ڈسپوزل سکواڈ نے بھی گلستان جوہر میں دھماکے کے مقام کا دوبارہ دورہ کیا۔ بی ڈی ایس حکام کے مطابق دھماکا کریکر سے نہیں بلکہ نصب شدہ بم سے کیا گیا جو آئی ای ڈی سے منسلک تھا۔

دھماکے کےلیے تقریباً ڈھائی سو سے تین سو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، ابتدائی رپورٹ ڈسٹرکٹ پولیس کو دے دی گئی ہے جبکہ موقع سے مزید نمونے بھی حاصل کر لیے ہیں جنہیں فارنزک کے لیے لیبارٹری بھیجا جائے گا۔