وزیراعظم کا کراچی میں مصروف دن، کاروباری طبقے سے طویل ملاقات

Last Updated On 09 December,2018 10:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا بھرپور معاشی ترقی کا پلان دینے کا وعدہ، گیس اور پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے وزرا کو ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کیساتھ ملاقات میں کراچی کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

وزیراعظم عمران خان نے کراچی آمد پر گورنر ہاؤس میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کی۔ معروف صنعتکاروں پر مشتمل وفد نے کراچی میں جاری تجاوزات آپریشن، گیس، جی آئی ڈی سی، ٹریڈ آرگنائزیشن آرڈیننس اور ایمنسٹی سکیم حاصل کرنے والوں کو ہراساں کرنے سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے جی آئی ڈی سی اور گیس کے مسائل حل کرنے کے لیے وزیر خزانہ اسد عمر کو بدھ کے روز اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کر دی اور ایمنسٹی سکیم حاصل کرنے والوں کو ہراساں نہ کیے جانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

وزیراعظم نے کہا کہ تاجروں کی پریشانیاں کم کرنے کے لئے ایف بی آر میں ریفارمز متعارف کرائے ہیں جبکہ کراچی میں پانی بحران کو حل کرنے کے لئے فیصل واڈا کو بھی ہدایات جاری کیں۔