عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ اعلیٰ عدلیہ کی ذمہ داری ہے، چیف جسٹس

Last Updated On 09 December,2018 10:47 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے معاملات پر جہاں ضروری تھا، وہاں ازخود نوٹس لیے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں صوبے کے ججز اور وکلا نے بھی شرکت کی۔

عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آرٹیکل 199 اور 184 کے تحت عوام کے بنیادی حقوق کی تحفظ اعلیٰ عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔ بار اور بنچ کو مل کر فوری انصاف کے لیے کام کرنا ہوگا اور ان کے تعاون سے ہی عدل وانصاف کی فراہمی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ڈیمز فنڈز کی مہم تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ بیرون ملک تارکین وطن نے ڈیموں کے لئے تقریباً 7 اعشاریہ 9 ملین پاؤنڈز دیے۔ انسانی حقوق کے معاملات پر جہاں ضروری تھا وہاں ازخود نوٹس لیے۔

سپریم کورٹ بار کے صدر امان اللہ کنرانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عدل و انصاف کے لیے چیف جسٹس کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، بائیس کروڑ عوام کی امیدیں عدلیہ سے وابستہ ہیں۔