کراچی میں 6 منزلہ سے زائد عمارتوں کی تعمیر پر پابندی ختم

Last Updated On 11 December,2018 03:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں 6 منزلہ عمارتوں سے زائد کی تعمیر پر پابندی کا فیصلہ سپریم کورٹ نے واپس لے لیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کے ڈی اے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر کو ہائی رائز تعمیرات کی اجازت دے دی۔

 سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہر قائد میں 6 منزلہ سے زائد عمارتوں کی تعمیرات پر پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان میاں محمد ثاقب نثار نے کراچی میں 6 منزلہ سے زائد عمارتوں کی تعمیرات پر پابندی کے فیصلے کو واپس لے لیا۔

ایسوسی ایشن آف بلڈنگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کی جانب سے 6 منزلہ سے زائد تعمیرات پر پابندی کو چیلنچ کر رکھا تھا۔ چیئرمین آباد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ نے قانون کے مطابق عمارات کی تعمیرات کا حکم دیا ہے، ہم شکر گزار ہیں ہمارا بڑا مسئلہ حل کر دیا گیا، 2 سال سے 500 پراجیکٹس رکے ہوئے تھے، ہم سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور وزیراعظم عمران خان کی ہاؤسنگ سکیم میں بھی تعاون کریں گے۔