پاکستان، افغانستان اور چین کے سہ فریقی مذاکرات ہفتہ کو ہونگے

Last Updated On 14 December,2018 11:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان، افغانستان اور چین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات ہفتہ 15 دسمبر کابل میں ہوں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہفتہ کو ایک روزہ دورے پر کابل جائیں گے جہاں وہ افغان مفاہمتی عمل سے متعلق ‎سہ فریقی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

پاکستان، چین اور افغانستان کے سہ فریقی مذاکرات وزرائے خارجہ کی سطح ہر ہوں گے۔ مذاکرات میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی اور افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ‎سہ فریقی مذاکرات کا مقصد افغانستان میں دیرپا امن کا مستقل حل تلاش کرنا ہے۔ کابل میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان کے صدر ڈاکٹر اشرف غنی سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزرائے خارجہ کی سطح پر سہ فریقی مذاکرات کا یہ دوسرا دور ہو گا، تینوں ممالک کا پہلا مذاکراتی دور گزشتہ سال بیجنگ میں ہوا تھا۔