نیب کے زیر تفتیش میاں جاوید کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال

Last Updated On 21 December,2018 11:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سرگودھا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے سی ای او میاں جاوید کیمپ جیل میں دل کا دورہ پڑنے انتقال کر گئے، میاں جاوید یونیورسٹی کیمپس کے غیر قانونی کیس کے معاملے میں جوڈیشل ریمانڈ پر تھے۔

ذرائع کے مطابق میاں جاوید کو دل کا دورہ پڑنے سے فوری متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا، انتظامیہ کی جانب سے فوری ایکشن نہ لینے کے باعث میاں جاوید کی حالت غیر ہو گئی، کچھ دیر بعد متعلقہ انتظامیہ میاں جاوید کو ہسپتال منتقل کرنے لگی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

میاں جاوید کے انتقال کے بعد ان کے ورثا کی جانب سے پولیس سے درخواست کی گئی کہ ان کی ہتھکڑیاں اتار دی جائیں لیکن لاہور پولیس کے ملازمین نے ہتھکڑیاں اتارنے سے انکار کر دیا، مجسٹریٹ کے آنے کے بعد میاں جاوید کے ہاتھوں سے ہتھکڑیاں اتاریں گئیں۔

ادھر نیب ترجمان کا کہنا ہے کہ میاں جاوید کی موت نیب کی حراست میں نہیں ہوئی، میاں جاوید سروسز ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

میاں جاوید کی ہتھکٹریاں نہ کھولنے کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سے رپورٹ طلب کر لی اور جامع تحقیقات کا حکم بھی دیدیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کہ کہ انکوائری کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔