لاش پر سیاست فواد چودھری ہی کر سکتے ہیں، مریم اونگزیب

Last Updated On 22 December,2018 11:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کینسر کے مریض رہ چکے ہیں اور اس وقت بھی ان میں کینسر کی علامات موجود ہیں۔ نیب نے ہر مرحلے پر جان بوجھ کر شہبازشریف کی میڈیکل رپورٹس دینے میں تاخیری حربے استعمال کئے۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب کو بار بار معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا گیا۔ شہبازشریف کی صحت سے متعلق 9 رکنی میڈیکل بورڈ کی تجاویز پر مجرمانہ تاخیر برتی گئی۔ 22 نومبر سے اب تک متعدد درخواستیں کی گئیں، لیکن نیب حکام کے کان پر جوں نہ رینگی، دو سے اڑھائی ہفتے کی تاخیر کا جواب کون دے گا؟

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ مجرمانہ رویہ سامنے آنے پر نیب نے شہبازشریف کی طبی معائنے کی درخواست کو پر لگا دیے۔ میڈیا میں میاں جاوید کے جاں بحق ہونے پر عوامی تنقید سے بچنے کے لئے پھرتی دکھائی جا رہی ہے۔ کینسر کی علامات کی نشاندہی کے باوجود ایک مریض کو علاج اور میڈیکل رپورٹس سے دور رکھنے کا مطلب اس کی جان لینے کے سوا اور کیا سمجھا جائے؟ میاں جاوید کی ہتھکڑی لگی لاش کا تازہ ترین سانحہ اس خدشے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیر اطلاعات پر تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاش پر سیاست فواد چودھری ہی کر سکتے ہیں، اپنی جان سے چلے جانے والے شخص کے بارے میں اس طرح کا بیان بیمار ذہنیت اور بے حسی کی انتہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان دو پیشیوں پر ہی اپنے وکیل پر برس پڑے تھے، 165بار پیش ہونا پڑتا تو خودکش حملہ ہی کر دیتے۔

یاد رہے کہ فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ اگرآپ طاقتوراورامیر ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں۔ جمہوریت کیلئے وزراء کالونی میں شاندار بنگلے کوجیل قراردیاجائے گا۔ ہاں اگر آپ غریب اور متوسط ہیں تو موت کے بعد روح کو مقید رکھنے کیلئے ہتھکڑی لگے ہی لاش کو نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا تا کہ لوگ عبرت پکڑیں۔