پاکستان افغان حکومت ، طالبان کو ایک میز پر لانے میں کامیاب

Last Updated On 25 December,2018 02:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) افغان امن عمل میں اہم پیشرفت، پاکستان، افغان حکومت اور طالبان کو براہ راست مذاکرات کی میز پر لانے میں کامیاب ہوگیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے طالبان کی مشروط آمادگی سے افغان حکومت کو آگاہ کر دیا۔ افغان طالبان نے ابوظہبی میں ہونے والے مذاکرات میں افغان حکومتی نمائندگان سے ملنے سے انکار کر دیا تھا۔

 افغان طالبان نے ابوظہبی میں ہونے والے مذاکرات میں افغان حکومتی نمائندگان سے ملنے سے انکار کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق طالبان نے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان میں نگران حکومت قائم کی جائے اور اس کی تشکیل کے لیے کمیٹی بنائی جائے۔ طالبان رہنماوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کمیٹی میں انہیں بھی نمائندگی دی جائے جبکہ کچھ اہم طالبان رہنماؤں کو رہا کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کے ردعمل کے بعد مزید پیش رفت کا امکان ہے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی ہے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور چین افغان مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں، افغانتسان میں امن اور ترقی کے لیے چین کا کردار قابل تحسین ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے بھی افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔