قیدی نمبر 4470

Last Updated On 27 December,2018 09:19 am

لاہور: ( روزنامہ دنیا ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں قیدی نمبر 4470 الاٹ ہوا ہے، جیل کے رجسٹر میں نواز شریف کا نمبر درج کیا گیا ہے۔نواز شریف جب تک جیل میں رہیں گے ان کی شناخت کے لئے یہی نمبر استعمال ہوگا۔

آج جمعرات کو ان کے اہل خانہ ان سے ملاقات کر سکیں گے، ملاقات کا وقت صبح 9 سے اڑھائی بجے دوپہر تک رکھا گیا ہے۔ نواز شریف کا سروسز ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے معائنہ کیا جس نے ان کا بلڈ پریشر چیک کرنے کے علاوہ شوگر کے ٹیسٹ بھی لیے، معائنہ کے مطابق نواز شریف کی طبیعت مکمل ٹھیک ہے۔

میاں نواز شریف کو گھر سے آنے والی ادویات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو مزید خون کے نمونے لئے جائیں گے۔

جیل حکام کی جانب سے سابق وزیر اعظم کے اہل خانہ کی ملاقات کے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ نواز شریف نے اپنی بیرک سے ملحقہ صحن میں چہل قدمی بھی کی۔ انہوں نے قرآن مجید ،دینی اورادبی کتابیں بھی منگوالی ہیں۔
 

Advertisement