منی لانڈرنگ کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ، پیپلز پارٹی کا سخت ردعمل

Last Updated On 30 December,2018 08:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے جہانگیر ترین کی شوگر مل کو بھی سبسڈی دی لیکن جے آئی ٹی میں اس کا تذکرہ نہیں ہے۔

 

دوسری جانب ناصر حسین شاہ نے تحریک انصاف کے دعوؤں کو جھٹلاتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اراکین اور قیادت کا مراد علی شاہ پر اعتماد ہے، رپورٹ سے کچھ نہیں نکل رہا تو رپورٹ بنانے والے بھی پریشان ہیں۔

منی لانڈرنگ کی بازگشت میں سندھ حکومت گرانے کا شور، پیپلز پارٹی نے تمام افواہوں کی تردید کر دی۔ بلاول ہاؤس میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ای سی ایل میں ایسے وزرا کا نام شامل کیا گیا ہے جن کا جے آئی ٹی میں نام بھی نہیں، جبکہ سندھ حکومت نے تمام شوگر ملز کو سبسڈی دی جن میں جہانگیر خان ترین کی شوگر مل بھی شامل ہے لیکن جے آئی ٹی میں اس کا تذکرہ نہیں ہے۔

اس موقع پر سینئر وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ پر پوری قیادت اور اراکین کو اعتماد ہے، امید ہے ہمیں انصاف ملے گا۔
 

Advertisement