جاپانی بحریہ کے جہاز کا پاک بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشن

Last Updated On 10 January,2019 06:59 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) پاک بحریہ اور جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں بحری افواج عرصہ دراز سے مشترکہ آپریشنز میں حصہ لے رہی ہیں اور مختلف مواقعوں پر مشترکہ بحری مشقیں بھی کر چکی ہیں۔

جاپانی بحریہ پاک بحریہ کی طرف سے منعقد کی جانے والی امن مشقوں میں بھی 2007ء سے تواتر سے حصہ لے رہی ہے۔ اس سال ہونے والی امن مشق انیس کی ابتدائی سرگرمیاں جنوری سے شروع ہو چکی ہیں۔ اسی سلسلے میں جاپانی بحریہ کا جہاز IKAZUCHI دو دن کے دورے پر کراچی بندرگاہ پہنچا۔

کراچی بندرگاہ پر پاک بحریہ کی جانب سے جاپانی بحری جہاز کا پرتپاک استقبال کیا گیا جہاں پاک بحریہ کے سینئر افسران اور جاپانی سفارتکار جہاز کے عملے کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ دورے کے دوران مختلف تربیتی، تفریحی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔

دورے کے اختتام پر پاک بحریہ اور جاپانی میری ٹائم فورس کے درمیان مشترکہ مشق بھی کی گئی جس میں دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو بہتر بنانے اور خطے کی بحری سیکیوریٹی کے لیے کاوشوں کو فروغ دینے کے لیے مختلف جنگی چالیں شامل تھیں۔

جاپانی میری ٹائم فورس کے جہاز کے دورہ پاکستان سے دونوں بحری افواج کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور مشقوں کے انعقاد اور مشترکہ بحری مفادات پر تبادلہ خیال سے دونوں بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
 

Advertisement