چور لیٹرے متحد ہو گئے، ایک ساتھ ہی نمٹیں گے: نعیم الحق

Last Updated On 15 January,2019 09:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے اپوزیشن کے اجلاس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کا قانون ختم، اب قانون کی حکمرانی ہو گی، چور اور لیٹرے متحد ہو گئے، ان سے ایک ساتھ ہی نمٹیں گے۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کو لوٹنے والا ٹولہ اکٹھا ہو گیا ہے، اگر ان کا سمجھوتہ ہو گیا تو بڑی خوش آئند بات ہے۔ ہم چوروں اور ڈاکوؤں کے اس گروہ سے ایک ساتھ ہی نمٹیں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ان کے اکٹھے ہونے سے ہمارے لیے مزید آسانیاں ہو جائیں گی۔ شریف اور زرداری خاندان کا زوال شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے قوم کی دولت کو بے دردی کیساتھ لوٹا، قوم کی لوٹی دولت کا ان کو جواب دینا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں کا قانون ختم، اب ملک میں قانون کی حکمرانی ہوگی۔ چور اور لیٹرے متحد ہو گئے ہیں، ان کے اکٹھے ہو جانے سے ہمیں آسانی ہوگی، ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، نیب آزاد ادارہ، حکومت کو جوابدہ نہیں ہے۔

 

Advertisement