ساہیوال واقعےکی ایک اورفوٹیج منظرعام پر، مبینہ مقابلے کا بھانڈہ پھوڑ دیا

Last Updated On 20 January,2019 01:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ساہیوال میں مبینہ مقابلے کی ایک اور ویڈیو سامنے آ گئی جس نے حقیقت سے پردہ اٹھا دیا۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے سیدھی فائرنگ کی، بچوں کو کار سے اتارتے بھی نظر آئے۔

ساہیوال میں مبینہ مقابلے کی ایک کے بعد ایک ویڈیو سامنے آنے لگی۔ لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو کا خلیل اپنی فیملی کے ساتھ بورے والا میں شادی کیلئے نکلا، ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس بھی دیا جس کے بعد گاڑی منزل کی جانب روانہ ہوئی، گاڑی ساہیوال کے قریب پہنچی تو سی ٹی ڈی اہلکاروں نے فائرنگ شروع کر دی جس کی فوٹیج منظر عام پر آئی۔

فوٹیج میں صاف دیکھا جاسکتا ہے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بچوں کواتارا اور پھر فائرنگ کردی۔ آپریشن کے دوران ٹریفک کوبھی روکا گیا، بس اور گاڑیوں میں بیٹھے افراد نے بھی واقعے فوٹیج بنائی۔

سی ٹی ڈی اہلکار واقعے کے بعد چلے گئے، اس دوران شہری ویڈیو بناتے رہے ، سی ٹی ڈ ی اہلکار کچھ دیربعد واپس آئے، لاشوں اور سامان کو گاڑی میں رکھا اور پھر واپس لوٹ گئے۔ بچوں کو پیٹرول پمپ منتقل کیا، زخمی بچے نے بھی ویڈیو میں ساری کہانی سنائی۔

اس دل دہلا دینے والے واقعے کی فوٹیجز نےسارا راز کھول کر رکھ دیا اور سی ٹی ڈی کے مبینہ مقابلے کو بے نقاب کر دیا۔