سربراہ پاک بحریہ کی بحرین کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں

Last Updated On 21 January,2019 10:05 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی بحرین کے سرکاری دورے پر ہیں۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے دورے کے دوران کمانڈر بحرین نیشنل گارڈز لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسی ال خلیفہ، کمانڈر بحرین کوسٹ گارڈز میجر جنرل الاعبداللہ سیادی اور کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کموڈور محمد یوسف ال عاصم سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

مناما میںرائل بحرین نیول فورس ہیڈ کوارٹرز آمد پر رائل بحرین نیول فورس کے سربراہ نے سربراہ پاک بحریہ کا استقبال کیا۔ نیول چیف کو اس موقع پر روایتی اور پرتپاک انداز میں سلامی پیش کی گئی۔

ملاقات کے دوران پیشہ وارانہ امور اور باہمی بحری اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کے مختلف شعبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کارگردگی بشمول پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرول کے اقدام پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

نیول چیف نے فروری 2019ء میں پاکستان کی جانب سے کراچی میں منعقد کی جانے والی کثیر الملکی بحری مشق امن 19 کے متعلق کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کو بریف کیا۔

کموڈور محمد یوسف ال عاصم نے خطے میں بحری امن واستحکام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار اور خدمات کو سراہا۔ نیول چیف کو رائل بحرین نیول فورس کے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

بعد ازاں پاک بحریہ کے سربراہ نے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈز لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسی ال خلیفہ اور کمانڈربحرین کوسٹ گارڈز میجر جنرل الا عبداللہ سیادی سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دفاعی اور سیکیورٹی اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے بحری امن واستحکام برقرار رکھنے میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

کمانڈر بحرین نیشنل گارڈز اور کمانڈر بحرین کوسٹ گارڈز نے بھی مضبوط اور تاریخی بنیادوں پر قائم پاکستان اوربحرین کے تعلقات کو سراہا اور خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کے قیام اور رائل بحرین نیول فورس کے ساتھ مختلف شعبوں میں بھرپور تعاون کے سلسلے میں پاک بحریہ کے عزم اور کاوشوں کی تعریف کی۔

سربراہ پاک بحریہ کا یہ دورہ دونوں ممالک میں بالعموم اور دونوں بحری افواج کے مابین بالخصوص تعلقات میں مضبوطی اور استحکام کا باعث ہو گا۔
 

Advertisement