نوازشریف کی صحت کے حوالے سے ذاتی معالج سخت تشویش میں مبتلا

Last Updated On 23 January,2019 01:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سابق وزیراعظم کی صحت کے بارے میں سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر انہیں مناسب علاج کی سہولت دینے پر زور دیا ہے۔

ڈاکٹر عدنان نے ٹویٹ کے ذریعے اس خدشے کا اظہار کیا کہ میاں نوازشریف کو دل کی تکلیف ہو سکتی ہے لیکن ان کو علاج کی مناسب سہولت نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ سروسز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ نے میاں نوازشریف کا طبی معائنہ 16 جنوری کو کیا اور اگلے روز اس پر دستخط کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ میاں نواز شریف کو فوری طور پر ہسپتال داخل کر لیا جائے۔

ڈاکٹر عدنان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے سفارشات کے باوجود میاں نوازشریف کو ہسپتال داخل نہیں کیا گیا جس کے بعد انہیں پی آئی سی ٹیسٹ کرانے پڑے۔ ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف کو اگر علاج کی سہولت نہ دی گئے تو دل کا مرض بڑھنے کا امکان ہے۔