وزیراعظم نے پنجاب پولیس میں اصلاحات کیلئے تجاویز طلب کرلیں

Last Updated On 23 January,2019 04:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب پولیس میں اصلاحات کیلئے سفارشات اور مستقبل میں سانحہ ساہیوال جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے تجاویز بھی طلب کی ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے وزیراعظم کو دی گئی رپورٹ میں مقتول خلیل کے اہلخانہ کو بے قصور اور سی ٹی ڈی افسران کو قتل کے ذمے دار ٹہرایا گیا ہے۔

سانحہ ساہیوال پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کو پیش کی گئی رپورٹ میں سی ٹی ڈی افسران کو خلیل فیملی کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں مقتول میاں بیوی اور ان کی بیٹی بے قصور تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو پیش کر دہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی کے سربراہ سمیت متعدد افسران تبدیل کر دیئے گئے ہیں۔ رپورٹ کی روشنی میں کئی افسران کو معطل بھی کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے ملوث اہلکاروں کے خلاف انسداد دہشتگردی عدالت میں مقدمات چلائے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پنجاب پولیس میں اصلاحات کیلئے سفارشات اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے تجاویز بھی طلب کی ہیں۔