پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج، اہم شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم

Last Updated On 24 January,2019 12:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے، اہم شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم ہے، ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہے، موٹروے پولیس نے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ملک کے بیشترعلاقوں میں دو روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا، موسم پر نظر رکھنے والوں نے مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح سویرے دھند چھائی رہی۔

حدنگاہ 20 میٹر تک ہونے کے باعث ملتان خانیوال موٹروے بند کر دی گئی۔ سکھر، راجن پور، لودھراں، بہاولپور اور خانیوال میں بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ گلیات میں برف کا 40 فٹ چوڑا تودا کنڈلہ کے مقام پر سڑک پر جاگرا، مری سے نتھیاگلی جانے والی ٹریفک بند ہوگئی، روڈ کی بحالی کیلئے آپریشن جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ سردی زیارت میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 13 ڈگری تک جاپہنچا۔ قلات میں منفی 11، سکردو منفی 09، کوئٹہ، مالم جبہ، بگروٹ، استور، کالام منفی 05، مری، دالبندین منفی 03، ژوب، ہنزہ، دروش، پارہ چنار منفی 02 ریکارڈ کیا گیا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں درجہ حرارت 04، لاہور 05، فیصل آباد 08 اور کراچی میں 09 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔