آئی ایم ایف سے ضروت کے مطابق بیل آؤٹ پیکج لیں گے، اسد عمر

Last Updated On 24 January,2019 05:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ فی الحال حکومت کو کسی بڑی پریشانی کا سامنا نہیں، آئی ایم سے بیل آؤٹ پیکج لیں گے لیکن اس کے پیچھے نہیں چھپیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر مطمئن ہیں کہ معیشت کے حوالے سے فی الحال حکومت کو کسی بڑی پریشانی کا سامنا نہیں ہے۔ انہوں نے آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکج لینے کا بھی عندیہ دیا جبکہ بتایا کہ سٹیل ملز کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ مارچ تک موخر کر دیا گیا ہے۔

سینئیر صحافیوں سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رابطے میں ہیں، ضروت کے مطابق بیل آؤٹ پیکج لیں گے لیکن کسی بھی معاملے پر آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپیں گے۔

اسد عمر نے بتایا کہ خسارے میں چلنے والی حکومتی کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل میں حائل قانونی مسائل بھی حل کر لیے گئے ہیں۔

اس موقع پر وزیر مملکت حماد اظہر نے کہا کہ حکومت ٹیکس اہداف کے حصول کے لیے پُرامید ہے۔ پہلے مرحلے میں ساڑھے تین ہزار جبکہ دوسرے مرحلے میں 20 ہزار ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پاکستانیوں کی آف شور کمپنیوں کی تفصیلات کے تبادلے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ پاکستان سٹیل ملز کو لیز پر دینے یا خود فعال کرنے کا فیصلہ مارچ تک کر لیا جائے گا۔ چین اور روس کی تین تین کمپنیاں سٹیل ملز میں سرمایہ کاری کی خواہش مند ہیں۔
 

Advertisement