علیمہ خان کے ذرائع آمدن کسی خیرات کی رقم پر مشتمل نہیں: وکیل سلمان اکرم

Last Updated On 25 January,2019 06:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) علیمہ خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کی موکلہ کے ذرائع آمدن کسی خیراتی رقم پر مشتمل نہیں، انہوں نے بیرون ملک جائیداد وراثتی جائیدادیں بیچ کر بنائیں، جس میں انکے شوہر کا بھی حصہ ہے، اس حوالے سے قیاس آرائیاں غلط ہیں۔

علیمہ خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ کی جانب سے ٹیکس کے معاملے پر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ علیمہ خان نے واجب الادا ٹیکس کا کچھ حصہ ادا کر دیا ہے، ان کے ذرائع آمدن کسی خیرات رقم پر مشتمل نہیں، اس حوالے سے تمام افواہیں اور قیاس آرائیاں غلط ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ علیمہ خان نے بیرون ملک جائیداد وراثتی جائیدادیں بیچ کر بنائیں، بیرون ملک جائیدادوں میں علیمہ خان کے شوہر کا بھی حصہ ہے، پاکستان سے پیسے بینکوں کے ذریعے بھجوائے گئے، علیمہ خان ٹیکسٹائل سے متعلق ایک کمپنی میں 50 فیصد کی حصے دار ہیں، کمپنی قانونی تقاضوں کے تحت بنائی گئی، بیرون ملک بینکوں سے قرضے لئے گئے، بیرون ملک جائیدادوں کی مجموعی قیمت 7.25 کروڑ روپے ہے۔