لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کو پی اے سی میں شامل کرنے میں تاخیر پارلیمانی روایت کے خلاف ہے جبکہ سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سعد رفیق کی پی اے سی میں شمولیت کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے میں بلاوجہ تاخیر کی جا رہی ہے۔ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے میں بھی ہر دفعہ غیر ضروری تاخیر کی گئی۔ سعد رفیق کو پی اے سی میں شامل کرنے میں تاخیر پارلیمانی روایت کے خلاف ہے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رکن مقرر کرنے میں تاخیر افسوسناک ہے۔ حکومت اسمبلی کے ایجنڈے پر حاوی ہوتی جا رہی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی کا فرض ہے کہ وہ ایوان کو آزادانہ طور پر چلائیں۔ خواجہسعد رفیق کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔