رمضان شوگر ملز کیس: شہباز شریف 18 فروری کو احتساب عدالت طلب

Last Updated On 07 February,2019 05:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کو 18 فروری کو طلب کرلیا۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے شہباز شریف اجلاسوں کے لیے صحت مند ہیں، عدالت کیوں نہیں آ رہے، بیمار ہیں تو انہیں ائیر ایمبولینس میں پیش کریں۔

 احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کے حوالے سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا شہباز شریف اجلاسوں کے لیے صحت مند ہیں، عدالت کیوں نہیں آ رہے ؟ جس پر عدالت میں موجود شہباز شریف کے وکیل نے کہا شہباز شریف کے صحت کے مسائل ہیں۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا میں نیب حکام کو پابند کر رہا ہوں، آپ کو مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، شہباز شریف بیمار ہیں تو انہیں ائیر ایمبولینس میں پیش کریں۔ احتساب عدالت نے شہباز شریف کو ایک ہفتے کے اندر حاضر ہونے کا کہا تو شہباز شریف کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ 16 تاریخ ان کے موکل کی ملاقاتوں کا دن ہے۔ عدالت نے شہباز شریف کے وکیل کی استدعا پر سماعت 18 فروری تک ملتوی کر دی۔

 

Advertisement