آئی ایم ایف پروگرام، وزیر خزانہ کی کرسٹین لیگارڈ سے آج ملاقات طے

Last Updated On 10 February,2019 03:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کا قرض پروگرام حاصل کرنے کے لیے 70 فیصد معاملات طے پا چکے ہیں، وزیر خزانہ اسد عمر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ سے آج دبئی میں ملاقات کریں گے۔

مالیاتی خسارہ محدود کرنے کا عزم، ٹیکس آمدن بڑھانے کےلیے تگ و دو اور معاشی اصلاحات کے روڈ میپ کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے وزیر خزانہ اسد عمر آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر سے تبادلہ خیال کریں گے۔

وزارت خزانہ کے ترجمان ڈاکٹر خاقان نجیب نے دنیا نیوز کو بتایا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے مسلسل رابطے میں ہے، بین الاقوامی مالیاتی ادارے سے ہر ہفتے وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت چل رہی ہے، حکومت کی کوششوں سے بیرونی ادائیگیوں کا دباو کم ہونا شروع ہوا ہے۔

آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ چوتھے عرب اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے دبئی پہنچ چکی ہیں، جہاں وزیر خزانہ اسد عمر ان سے ملاقات کریں گے۔
 

Advertisement