نواز شریف کو لندن نہیں جانے دیں گے، فیاض الحسن چوہان

Last Updated On 11 February,2019 08:49 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے دل کا علاج تو کرا سکتے ہیں لیکن ان کے دل کی خواہش پوری نہیں کر سکتے، سب کچھ ان کی مرضی کے مطابق ہو رہا ہے مگر انھیں لندن نہیں جانے دیں گے۔

راولپنڈی آرٹس کونسل میں وائس پنجاب کی میٹنگ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی بالکل ہوئی ہے لیکن اکنامکس سائیکل ہوتا ہے، شارٹ ٹرم پالیسی کے ایک سے دو سال ہوتے ہیں، یہ مہنگائی پچھلے دور میں ہوئی جو قرضہ لایا گیا ہے، ایان علی کے ذریعے جو روپے باہر بھیجے گئے اس سے ملک کا دیوالیہ ہو گیا، ان حالات میں ملک کو چلانا مشکل تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس فوری جاتے تو حالات اور بھی ابتر ہوتے۔ وزیراعظم عمران خان نے بہتر انداز میں چیزوں کو دیکھا اور معاملات بہتر ہو گئے۔

فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کا خسارہ پچانوے ارب روپے ہو چکا ہے۔ منی بجٹ نام کا لیکن اصل میں یہ رفارمز ہیں، اس سے سب تاجر برادری اور عوام خوش ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وائس آف پنجاب کے لیے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے آیا ہوں، اس کی تشہیر بھی شروع ہو چکی ہے۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ادارہ دو ماہ تک کوئی ورکرز کو تنخواہ نہیں دے گا تو اس کے اشتہارات روک دئیے جائیں گے، یہ پالیسی بیس دنوں تک منظور ہو جائے گی، سب کو اشتہارات مل رہے ہیں یہ حقائق ہیں۔

 

Advertisement