شاہ محمود سے راحیل شریف کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

Last Updated On 12 February,2019 02:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ راحیل شریف نے دہشتگردی کیخلاف اسلامی فوجی اتحاد کے اقدامات سے آگاہ کیا، شاہ محمود قریشی نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کو سراہا۔

بعدازں اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز بھی موجود تھے، ملاقات میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا اسلامی فوجی اتحاد دہشتگردی کیخلاف مربوط پلیٹ فارم ہے، پاکستان نے دہشتگردی میں بہت نقصان اٹھایا، پاکستانی افواج نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا یہ اتحاد کسی خاص ریاست یا قوم کے خلاف نہیں، فوجی اتحاد سے دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

صادق سنجرانی کا کہنا تھا پاکستان خطے کی ترقی کیلئے مسائل کا پُر امن حل چاہتا ہے، پاکستان نہیں چاہتا کہ کوئی بھی ملک ایسی صورتحال سے دوچار ہو، امن ترقی کی ضمانت، مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔

راحیل شریف نے کہا فوجی اتحاد سے دہشتگردی کیخلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی، پاکستان ہمیشہ دہشتگردی کیخلاف فعال کردار ادا کرتا رہا ہے، اسلامی فوجی اتحاد قیام امن کیلئے جاری کوششوں کو مربوط بنائے گا۔
 

Advertisement